Friday, May 17, 2024

چیف سیکرٹریز، انتظامیہ اور پولیس قبضہ مافیا کیخلاف شکایات پر فوری ایکشن لیں، وزیراعظم

چیف سیکرٹریز، انتظامیہ اور پولیس قبضہ مافیا کیخلاف شکایات پر فوری ایکشن لیں، وزیراعظم
April 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چیف سیکرٹریز، انتظامیہ اور پولیس کو قبضہ مافیا کے خلاف شکایات پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم عمران خان یو این ڈی پی پاکستان کی انسانی ترقی کے بارے میں رپورٹ کا اجراء لیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا، نجی زمین پر قبضہ کے معاملات پر فریقین کو سن کر فیصلے کریں، قبضہ کے الزامات کی مکمل چھان بین کرکے فیصلے کریں، ہر 15 روز بعد قبضہ سے متعلق شکایات کا جائزہ لیں۔ وزیر اعظم نے 14 روز میں عملدرآمد کی رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے کہا، عدالت میں زیر التواء شکایات پر کارروائی نہ کی جائے، حکومت کی ترجیح غریب افراد کو اُوپر لے کر آنا ہے، کوروناء وباء سے سب سے زیادہ غریب متاثر ہوئے۔ دوسری جانب بعض امیر افراد کورونا وباء کے دوران مزید امیر ہوگئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ہر سال غریب ممالک سے کھربوں ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر کے ممالک میں منتقل کیے جاتے ہیں۔ جب کسی ملک کی کرنسی کمزور ہوتی ہے تو معیشت سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے۔ امیرملک غریب ملکوں سے غیرقانونی رقوم کی ترسیل کو روکنے میں سنجیدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ،ہمارے ملک میں شوگر مافیا بہت مضبوط رہا ہے۔ شوگر ملز نے آپس میں مل کر سٹے بازی کے ذریعے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار شوگر مافیاز کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کروا کر کارروائی کی۔

عمران خان بولے کہ خیبرپختونخوا میں جب حکومت سنبھالی تو صوبہ دہشت گردی سے تباہ حال تھا، اب خیبرپختونخوا ترقی کی دوڑ میں پنجاب کے برابر آچکا ہے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نہایت کامیابی سے احساس پروگرام کا انتظام سنبھالا، کورونا سے پاکستان میں خدمات کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا۔