Wednesday, April 24, 2024

چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر کی اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کیساتھ ناروا سلوک کی مذمت

چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر کی اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کیساتھ ناروا سلوک کی مذمت
May 3, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا سیالکوٹ میں رمضان بازارکا دورہ اور اسسٹنٹ کمشنر سے تلخ کلامی کا معاملہ، مریم نواز کہتی ہیں خاتون اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ ہونے والا سلوک قابل مذمت ہے، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر نے اظہار تشویش کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا اسسٹنٹ کمشنر کو جھاڑ پلانے کا معاملہ، نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے ٹویٹ کیا ناکامی اور بدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری افسران پر نکالنا فرعونیت ہے۔ رمضان بازاروں ميں غير معياری،مہنگی اشياء حکومتی نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم نہیں ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے لکھا اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ پیش آنے والے واقع پر افسوس ہوا، انہیں ذاتی طور پر جانتا ہوں وہ انتہائی قابل افسر ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے بھی سیالکوٹ کے رمضان بازار میں انتظامی افسر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے مذمت کی، بولے اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران سخت گرمی اور کورونا کی وباء کے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔

ادھر ن لیگی رکن حنا پرویز بٹ نے فردوس عاشق کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔

میاں عبدالرؤف نے فردوس عاشق اعوان کے عہدے مستعفی ہونے کے مطالبے کی تحریک التوا کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی۔