Friday, April 19, 2024

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا تبدیل ،نائنٹی ٹو نیوز نے خبر گزشتہ روز نشرکردی تھی

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا تبدیل ،نائنٹی ٹو نیوز نے خبر گزشتہ روز نشرکردی تھی
September 20, 2016
پشاور(92نیوز)خیبر پختونخوا  میں افسرشاہی اور عوامی نمائندوں  کے درمیان سرد جنگ چیف سیکرٹری کی تبدیلی پرختم ہوگئی۔ وفاق نےخیبرپختونخوا حکومت کی درخواست پر چیف سیکرٹری کو عہدے سے ہٹانے کا اعلامیہ جاری کردیا۔ چیف سیکریٹری امجد علی خان کو ہٹائے جانے کی خبر92 نے گزشتہ رات نشر کی تھی۔ تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا میں صوبائی وزراء اور چیف سیکریٹری امجد علی خان کے درمیان سرد جنگ کے باعث خیبرپختونخوا حکومت نے چیف سیکرٹری کوتبدیل کرنےکےلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھجوایا۔ وفاقی حکومت نے بھی صوبائی حکومت کی خواہش پرلبیک کہتے ہوئے فوری طور پرچیف سیکریٹری امجد علی خان کو ان کے عہدے سے سبکدوش کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا اورامجد علی خان کو اسٹبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔ وفاق نے صوبائی حکومت کے مراسلے کے ایک حصے پرتو فوری طورپر عملدرآمد کردیا لیکن مراسلے کے دوسرے حصے یعنی نئے چیف سیکریٹری کےلئے نئے نام کا فیصلہ تاحال نہیں کیا۔ چیف سیکریٹری امجدعلی خان کے ہٹائے جانے کے بعد عہدے کا اضافی چارج ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان کو سونپا گیا ہے ۔