Thursday, April 25, 2024

چیف جسٹس گلزار احمد نے سندھ جوڈیشل اکیڈمی میں سٹی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

چیف جسٹس گلزار احمد نے سندھ جوڈیشل اکیڈمی میں سٹی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا
February 7, 2020
کراچی (92 نیوز) چیف جسٹس گلزار احمد نے سندھ جوڈیشل اکیڈمی میں سٹی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا، چیف جسٹس نے کہا جوڈیشل اکیڈمی صرف عدلیہ نہیں، مدد اکیڈمی کا درجہ رکھتی ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے سٹی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر دوران خطاب کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی، اس طرح کی جدید کیمپس کی اشد ضرورت تھی، سندھ کی عدلیہ اس کیمپس سے فائدہ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے دیگر ججز بھی یہاں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،  عدالتی معاملات کیسے چلائے جاتے ہیں یہاں سے جوڈیشل افسران فوائد اٹھا سکتے ہیں۔ چیف جسٹس کہتے ہیں کہ 2003 میں دو ججز کے گھروں کو اکیڈمی میں تبدیل کیا گیا، پھر یہ باقاعدہ اکیڈمی کی صورت اختیار کرگیا، امید ہے کہ یہ اکیڈمی پاکستان کی سب سے بڑی اکیڈمی ہوگی اور آنے والے وقتوں میں یونیورسٹی بننے جا رہی ہے۔ اس موقع پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس گلزار احمد کا مشکور ہوں کہ وہ تقریب میں آئے، ان کی آمد اچھا اور نیک شگون ہے ، انشاءاللہ اس ادارے کے فوائد ہر خاص و عام تک پہنچیں گے۔