Friday, April 26, 2024

چیف جسٹس کی وطن واپسی‘ پاناما کمیشن پر آج پیشرفت کا امکان

چیف جسٹس کی وطن واپسی‘ پاناما کمیشن پر آج پیشرفت کا امکان
May 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی آج سے دوبارہ سپریم کورٹ میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔ چیف جسٹس کے سامنے پاناما کمیشن کا معاملہ سرفہرست رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی آج صبح سے سپریم کورٹ میں معمول کے مقدمات کی سماعت کریں گے جبکہ پاناما کمیشن معاملے پر بھی اہم پیش رفت کا امکان ہے۔ چیف جسٹس ترکی میں سات روزہ جوڈیشل کانفرنس میں شریک ہونے کے بعد جمعہ کی شب وطن واپس پہنچے تھے۔ اگر چہ چیف جسٹس کے ترکی جانے سے قبل ہی وزیراعظم آفس کی جانب سے پاناما انکوائری کمیشن تشکیل دینے کے حوالے سے ایک مراسلہ سپریم کورٹ بھیج دیا گیا تھا تاہم اس پر کوئی پیشرفت چیف جسٹس کی عدم موجودگی کے باعث نہیں ہو سکی تھی۔ ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز رجسٹرار سپریم کورٹ نے پاناما کمیشن کا مراسلہ چیف جسٹس کے آفس اسٹاف کے حوالے کر دیا ہے جس پر آیندہ چند روز میں چیف جسٹس کی جانب سے کوئی پالیسی فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار پہلے ہی بیان جاری کرچکے جس میں پاناما پیپرز معاملے پر عدلیہ کے کردار کی حمایت جبکہ کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔