Thursday, April 25, 2024

چیف جسٹس کی راولپنڈی کے ماں بچہ اسپتال منصوبے کی تکمیل کے لیے 18 ماہ کی ڈیڈ لائن

چیف جسٹس کی راولپنڈی کے ماں بچہ اسپتال منصوبے کی تکمیل کے لیے 18 ماہ کی ڈیڈ لائن
July 1, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار راولپنڈی کے ماں بچہ اسپتال پہنچ گئے۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے 18 ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا راولپنڈی میں صحت کے نامکمل منصوبے ماں بچہ اسپتال کا طوفانی دورہ ہوا۔ماں بچہ اسپتال کے  دورے کے موقع پر چیف جسٹس نے نامکمل عمارت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسپتال 18 ماہ میں مکمل ہونا چاہیے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کو ایک دن کی بھی چھٹی نہیں ملے گی ، جو فنڈز چاہئیں سب ملیں گے۔چیف جسٹس راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی بھی گئے۔ مریضوں اور لواحقین سے مشکلات دریافت کیں۔ فارمیسی سے ادویات کے سیمپل بھی لیے۔چیف جسٹس نے کہا کہ سیمپلز کا باضابطہ ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ راولپنڈی کے  دورے سے پہلے چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں ماں بچہ اسپتال کی تعمیر میں تاخیر کے معاملے کی سماعت کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ 2 سال دے دیں اسپتال فعال کر دیں گے۔ نظر ثانی پی سی ون کی وجہ سے مزید 5.3 ارب روپے چاہئیں۔ عدالت نے 2 سال کا وقت دینے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہا ایک ایک دن اہم ہے۔ منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکا۔ سٹاف کے گھر بن گئے اسپتال نہیں بن سکا۔ عدالت کی دلچسپی کم ہوئی تو ہوسکتا ہے منصوبہ 2 سال میں بھی مکمل نہ ہو۔ درخواست گزار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بولے اسپتال بن جائے تو آپ کا قوم پر احسان ہو گا۔چیف جسٹس نے راولپنڈی سے واپسی پر پولی کلینک اسپتال کا دورہ بھی کیا۔