Tuesday, May 21, 2024

چیف جسٹس کا کرک میں مندر نذر آتش کرنے کے واقعہ کا نوٹس، رپورٹ طلب

چیف جسٹس کا کرک میں مندر نذر آتش کرنے کے واقعہ کا نوٹس، رپورٹ طلب
December 31, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس گلزار احمد نے خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں مندر نذر آتش کرنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ چیف سیکرٹری، آئی جی کے پی کے سے رپورٹ طلب کرلی، ازخود نوٹس پر سماعت 5 جنوری کو ہوگی۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے خیبرپختونخواہ کے ضلع کرک میں مندر جلانے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، آئی جی اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا سے رپورٹ بھی طلب کرلی، سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے مندر جلانے سے متعلق از خود نوٹس 5 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس گلزار احمد سے پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش کمار نے ملاقات کی جس میں کرک میں مندر جلانے کے واقعہ سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا ، جس پر چیف جسٹس نے مندر جلانے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے تیری میں عوامی ہجوم کی جانب سے ہندوؤں کا مندر جلائے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔