Tuesday, May 7, 2024

چیف جسٹس کا قیدی شرجیل میمن کا ٹرائل پنجاب میں کرنے کا عندیہ

چیف جسٹس کا قیدی شرجیل میمن کا ٹرائل پنجاب میں کرنے کا عندیہ
September 4, 2018
کراچی (92 نیوز) چیف جسٹس نے ضیاء الدین اسپتال میں زیرعلاج قیدی شرجیل میمن کا ٹرائل پنجاب میں کرنے کا عندیہ دے دیا۔ سپریم کورٹ میں مختلف مقدمات کی سماعت کے دوران شرجیل میمن کا چرچا رہا۔ غیر فعال ٹربیونلز کیس میں چیف جسٹس ثاقب نثار اور چیف سیکرٹری سندھ کے مابین دلچسپ مکالمہ ہوا۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کرپشن کیس میں زیر علاج قیدی شرجیل میمن کی لیبارٹری رپورٹس کو مشکوک قرار دیدیا اور کہا رپورٹ میں ٹمپرنگ ہوئی ہے ۔ ہمارے پاس سب جیل اور ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے ۔ معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ دینگے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے میرے کراچی سب جیل کا دورہ کرنے پر بڑا شور مچا ، ایسا لگا شرجیل میمن سب جیل میں نہیں صدارتی سوٹ میں رہ رہے تھے ۔ شرجیل میمن کے کمرے میں شہد کی کوئی بوتل دیکھ کر نہیں آیا ، پتہ نہیں کس نے وہاں سے ملنے والے نمونوں کو بدل دیا ۔ چیف جسٹس نے کہا جانتا ہو سب جیل میں کون آتا تھا اور کس سے ملتا تھا ۔ شرجیل میمن کا ٹرائل اب پنجاب میں ہو گا ۔ میرے جانے کے بعد بوتلوں میں شہد اور زیتون آ گیا، اگر کوئی شراب پیتا ہے تو اسے قانون دیکھے گا، الحمد اللہ بھاگ کر جانے والے نہیں، آئین کی طاقت کا بھرپور استعمال کریں گے۔ قبل ازیں آغا خان اسپتال کی لیبارٹری سے شرجیل میمن کے خون کا ٹیسٹ کروایا گیا ۔ لیبارٹری کی تصدیق شدہ رپورٹ کے مطابق شرجیل میمن کے خون میں الکوحل کا عنصر نہیں پایا گیا ۔ شرجیل میمن کے خون کا ٹیسٹ نارمل ہے ، شراب کا عنصر نہیں پایا گیا۔ رپورٹ میں الحکوحل کے استعمال سے متعلق دیگر تین ٹیسٹ بھی نارمل قرار دیے گئے جبکہ دوسری رپورٹ میں ڈائریکٹر لیب ، چیف کیمیکلز ایگزامنر ڈاکٹر زاہد انصاری کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کے کمروں سے پولیس کی تحویل میں لی جانے والی دونوں بوتلیں شراب کی نہیں ۔ شرجیل میمن کے خون کا ٹیسٹ چیف جسٹس پاکستان کی ہدایت پر لیا گیا۔ دوسری طرف شرجیل میمن شراب برآمدگی کیس میں شواہد مٹانے کےالزام میں 8 افراد زیر حراست ہیں جن میں 2 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ہیں۔عدالت سے اجازت ملتے ہی ملزموں کو باقاعدہ گرفتار کیا جائے گا۔