Saturday, May 18, 2024

چیف جسٹس کا جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار، اپوزیشن کے حوصلے بلند

چیف جسٹس کا جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار، اپوزیشن کے حوصلے بلند
May 13, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) اپوزیشن رہنماؤں اور قانونی ماہرین نے چیف جسٹس کے جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار کے فیصلے کو سراہا ہے۔ چیف جسٹس کے جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار نے اپوزیشن جماعتوں کے حوصلے بڑھا دئیے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے حکومت پر وار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے کہتے آئے ہیں کہ کمیشن کے قیام کیلئے یکطرفہ حکومتی ٹی او آرز بے سود ہوں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے اپنے مخصوص انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جس کے ہاتھ صاف ہوں اسے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ  پارلیمنٹ میں آکر عوامی نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم کا پارلیمنٹ سے فرار کا راستہ بند ہو گیا۔ انہیں تاخیرکا مشورہ دینے والے وزیراعظم کے دوست نہیں۔ ادھر قانونی ماہرین نے بھی چیف جسٹس کے انکار کو درست فیصلہ قرار دیا ہے۔ صدر سپریم کورٹ بارعلی ظفر کا کہنا تھا کہ وہ بہت دیر سے کہہ رہے ہیں کہ حکومت کے ٹی اور آرز کا رزلٹ پانچ سال میں بھی نہیں آنا تھا۔ چئیرمین پاکستان بارکونسل فروغ نسیم کہتے ہیں انہیں سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے اس فیصلے پر حیرانی نہیں ہوئی۔ عدالت کو کوئی ذاتی مفاد نہیں، وہ محتاط ہے۔ چیف جسٹس کے فیصلے پر ملک بھر میں ایک نئی سیاسی بحث چھڑ گئی ہے اور لگتا ہے کہ حکومت پر دباؤ بھی بڑھ گیا ہے۔