Saturday, May 18, 2024

چیف جسٹس کا جوابی خط ملنے پر حکومت نے اپوزیشن سے مفاہمت کی کوششیں تیز کردیں

چیف جسٹس کا جوابی خط ملنے پر حکومت نے اپوزیشن سے مفاہمت کی کوششیں تیز کردیں
May 13, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پانامہ لیکس تحقیقاتی کمیشن پر چیف جسٹس کا جوابی خط ملتے ہی حکومت نے اپوزیشن سے مفاہمت کی کوششیں تیز کر دی ہیں، پرویز رشید نے اپوزیشن کو کسی قابل عمل حل پر متفق ہونے کی دعوت دے دی۔ تفصیلات کےمطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے پانامہ لیکس تحقیقاتی کمیشن کے حوالے سے حکومتی خط کا جواب ارسال کر دیا، چیف جسٹس نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ٹرمز آف ریفرنس کے حتمی فیصلے تک جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا جاسکتا، کمیشن کی تشکیل کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ چیف جسٹس کا خط ملتے ہی حکومت کی جانب سے اپنے ٹی او آرز پر اصرار کی روش ترک ہوتی نظر آئی، اپوزیشن کو نیچا دیکھانے کے بجائے مفاہمت کے لئے کوششیں تیز ہوگئیں، اس سلسلے میں وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپوزیشن سے رابطوں کا خصوصی ٹاسک جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن کو دے دیا ہے،ٹاسک ملنے کے فوری  بعد مولانا نے سب سے پہلے سابق صدر آصف علی زرداری سے رابطہ کیا، ٹیلی فون پر رابطے میں مولانا فضل الرحمٰن نے آصف علی ذرداری سے کہا، کہ پانامہ لیکس پر معاملات کو اتنا آگے نہ بڑھایا جائے کہ تیسری قوت کو مداخلت کا موقع مل سکے۔ اُنہوں  نے زرداری سے شکوہ بھی کیا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ رہنما معاملات کو خراب کرنا چاہتے ہیں، دوسری جانب آج ، کئی روز سے جاری حکومتی رہنماوں اور وزرا کی تند و تیز میڈیا ٹاک بھی نہیں ہوئی، دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی جگہ پرویز رشید میدان میں آئے، اور کہنے لگے، حکومت اپوزیشن سےمشترکہ ٹی اوآرز پر بات چیت کےلیے پہلے ہی تیار تھی، انہوں نے اپوزیشن کو کسی قابل عمل حل پر متفق ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔