Thursday, March 28, 2024

چیف جسٹس پاکستان کیخلاف اشتعال انگیز انٹریو،فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد

چیف جسٹس پاکستان کیخلاف اشتعال انگیز انٹریو،فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد
December 17, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) چیف جسٹس پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز انٹرویو  کے کیس میں  اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق سینیٹر فیصل رضا پر فرد جرم عائد کردی ، ملزم نے  صحت جرم سے انکار  کرتے ہوئے  غیرمشروط معافی کیلئے ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ عدلیہ کیخلاف اشتعال انگیزانٹرویو کیس میں سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی پرفرد جرم عائد کرتے ہوئے  انسداد دہشتگردی عدالت نے گواہ طلب کرلیے، ملزم کا دوبارہ طبی معائنہ کرانے کا بھی حکم دیا گیا جب کہ   فیصل رضا عابدی نے ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ سے غیرمشروط معافی مانگ لی۔ فیصل رضا عابدی کو انسداد دہشت گردی کے روبرو پیش کیا گیا ،وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی طبعیت ناساز ہے ،انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے جس پر عدالت نے ملزم کا دوبارہ طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا ۔ عدالت نے  قرار دیا کہ ضرورت پیش آنے کے بعد ہسپتال منتقلی کا فیصلہ کیا جائے گا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو بھی طلب کر لیا ۔ سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کی غیرمشروط معافی کی درخواست مسترد کردی اور  قرار دیا کہ درخواست کو مروجہ طریقہ کار کے تحت دائر نہیں کیا گیا ، جس کے بعد ملزم نے اعتراضات دور کرکے ایک مرتبہ پھر غیرمشروط معافی کی درخواست کردی ۔ ملزم نے موقف اپنایا کہ  عدلیہ کی توہین سے متعلق اپنے کنڈکٹ کے دفاع کی کوئی وجہ نہیں ، اپنے اقدام پر غیرمشروط معافی مانگتا ہوں۔ ملزم نے عدالت کو  یقین دلایا کہ عدلیہ بارے جو الفاظ ادا کیے دوبارہ ایسے الفاظ سے اجتناب کروں گا۔