Thursday, April 18, 2024

چیف جسٹس پاکستان کا توقیر شاہ کی جنیوامیں تعیناتی پر ازخود نوٹس ، نوٹیفکیشن طلب

چیف جسٹس پاکستان کا توقیر شاہ کی جنیوامیں تعیناتی پر ازخود نوٹس ، نوٹیفکیشن طلب
April 21, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے  وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے سابق پی ایس او توقیر شاہ کی جنیوا میں تعیناتی  پر از خود نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفق سے استفسار کیا کہ خواجہ سلمان صاحب ڈاکٹر توقیر شاہ کو باہر کیوں بھیجا ، آپ کے چہرے کے رنگ کیوں بدل رہے ہیں ۔ سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان، مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے مختلف مقدمات اور ازخود نوٹسز کی سماعت کی ۔ فاضل چیف جسٹس نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق پرسنل اسٹاف آفیسرتوقیر شاہ کی جینوا میں تعیناتی پر از خود نوٹس بھی لے لیا۔ عدالت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو توقیر شاہ کی تقرری کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کامکمل سروس ریکارڈ بھی طلب کرلیا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈاکٹرتوقیر شاہ کو بھی طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی خلافِ ضابطہ تعیناتی پر ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ذکریا ذاکرکومعطل کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے پنجاب یونیورسٹی کے سینئر ترین  پروفیسر کو وائس چانسلر بنانے کا حکم بھی دے دیا۔ عدالت نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں سرچ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بہترین امیدوار کو وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عیسیٰ محمد نے نااہل ڈاکٹر ظفر تنویر کو ادارے کاوائس چانسلر تعینات کیا ۔ چیف جسٹس  آٖف پاکستان نے  پولٹری فیڈ  سے متعلق  ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے مرغی  کے گوشت اور خوراک کی رپورٹ مثبت آنے پر ازخود نوٹس  نمٹا دیا ۔ اتائی ڈاکٹروں کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران اتائی ڈاکٹرز کی مداخلت پر چیف جسٹس آف پاکستان نے برہمی کا اظہار کیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ابھی تو کارروائی کی جا رہی ہے، یہ نا ہو کہ میں آپکو بند کروا دوں۔لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔