Thursday, April 25, 2024

چیف جسٹس پاکستان نے اتوار کےروز بھی لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کی

چیف جسٹس پاکستان نے اتوار کےروز بھی لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کی
September 30, 2018
لاہور ( 92 نیوز) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس پاکستان نے منرل واٹر فروخت کرنے والی کمپنی سے5سال کا ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ  حمید لطیف اسپتال انتظامیہ سے قانون کے مطابق معاملات طے کر کےڈی جی ایل ڈی اے کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا  ۔ چیف جسٹس نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت سے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ بھی منگوا لیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اتوار کے روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اہم مقدمات کی سماعت کی ، منرل واٹربیچنے والی کمپنیوں کے خلاف ازخود نوٹس میں چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیے کہ بڑی کمپنی ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ عدالتی حکم کو پسِ پشت ڈال دیا جائے کیوں نہ ریکارڈ اور لیبارٹری رپورٹ آنے تک پلانٹس بندکرکے منرل واٹرکی فروخت پر پابندی لگا دی جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نےنجی کمپنی کو گزشتہ 5سال کا ریکارڈ اورپانی کے نمونوں کی لیبارٹری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ حمید لطیف اسپتال کی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف  مقدمے کی سماعت میں ڈی جی ایل ڈی اے نے رپورٹ پیش کی کہ اسپتال انتظامیہ نے تعمیراتی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی ہے جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر مسمارکر دیا جائے۔ عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے کو ایک ہفتے میں عملدرآمدرپورٹ پیش کرنے کاحکم بھی دیا۔ عدالت عظمیٰ نےڈی جی ایل ڈی اے کو تاحکمِ ثانی آئندہ لاہور میں عما رتوں کی کمرشلائزیشن سے بھی روک دیا۔ سروسز اسپتال میں غیر فعال لفٹس سے متعلق  چیف جسٹس آف پاکستان نےایف آئی اے کوتین روز میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، جبکہ ایک سائلہ کی درخواست پر انسدادِ دہشت گردی عدالت کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی مکمل تفصیلات سپریم کورٹ کو فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔