Saturday, April 27, 2024

زلزلہ متاثرین فنڈز کیس ، چیف جسٹس پاکستانے ایرا کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیئے

زلزلہ متاثرین فنڈز کیس ، چیف جسٹس پاکستانے ایرا کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیئے
April 25, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیف جسٹس  میاں ثاقب نثار نے  زلزلہ متاثرین فنڈز کیس کی سماعت کے دوران ایرا کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیئے  ، دوران سماعت استفسار کیا کہ ایرا نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کیلئے کیا اقدامات کئے ،ایرا میں چاچے ،مامے بھرتی کیے گئے،  بتا ئیں کس کس رشتے دار کو بھرتی کیا؟ ۔ زلزلہ متاثرین کیلئے بیرون ملک سے امداد آئی  ، یہ فنڈز  کہاں ہیں ۔ وزارت خزانہ  نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بیرون ملک سے زلزلہ متاثرین کیلئے 2 ارب 89 کروڑڈالرامداد آئی جبکہ ملک کے اندر بھی مخیر حضرات نے امداد دی جس کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے ۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے  زلزلہ متاثرین فنڈز کیس کی سماعت کے دوران سخت ریمارکس دیتے ہوئے استفسار کیا کہ بتائیں  زلزلے سے متاثرہ شہربالاکوٹ کاکیابنا، کیا غیر ملکی امداد قومی خزانے میں ڈال دی گئی؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ مختص رقم وزارت خزانہ جاری کرتی ہے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا وہ خود جا کر دیکھیں گے کہ بالا کوٹ میں کیا صورتحال ہے ۔ چیف جسٹس نے سماعت ختم کی ، بینچ ارکان اور درخواست گزار کو ہمراہ لیا اور مانسہرہ پہنچ گئے  ، چیف جسٹس نے مانسہرہ بار سے مختصر خطاب کیا  اور کہا کہ معلوم ہے یہاں کوئی اسکول اور اسپتال فعال نہیں،بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ چیف جسٹس کے قافلے میں مختلف اسکواڈز شامل ہوگئے جس پر  چیف جسٹس نے  اظہار ناراضگی کیا۔ چیف جسٹس نے تمام اسکواڈز واپس بھجوا دیے۔