Saturday, April 20, 2024

چیف جسٹس نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار حکومتی اداروں کو قرار دیدیا

چیف جسٹس نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار حکومتی اداروں کو قرار دیدیا
March 18, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) چیف جسٹس نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاو کا ذمہ دار حکومتی اداروں کو قرار دے دیا، کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے  کہ وائرس آتا رہا اس وقت کسی کو کوئی فرق نہیں پڑا، اب کہتے ہیں، عدالتیں بند کردو،عدالتیں کسی صورت بند نہیں کر سکتے۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے پر  چیف جسٹس گلزار احمد حکومتی اداروں پر برہم ہو گئے ، پی آئی اے سے متعلق کیس کی سماعت کی دوران کورونا وائرس کا تذکرہ ہوا تو  چیف جسٹس نے پھیلاؤ کا ذمہ داد حکومتی اداروں کو قرار دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے  ریمارکس دیے کہ وائرس پاکستان میں ایئرپورٹس اور بارڈرز کے راستے آیا ، وائرس کے تدارک کیلئے اداروں میں بیٹھے لوگوں نے کیا کیا؟۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کرونا وائرس پاکستان میں پیدا نہیں ہوا ، قرنطینہ میں جا کر دیکھیں کتنے ابتر حالات ہیں، استفسار کیا کیا ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز ہے؟ ، حکومت نے خود کچھ کیا نہیں ہمیں کہہ دیا عدالتیں بند کر دو، ہم صرف عدالتوں میں احتیاطی تدابیر ہی کر سکتے ہیں، عدالتیں کسی صورت بند نہیں کر سکتے۔