Thursday, April 18, 2024

چیف جسٹس نے رجسٹرار پنجاب کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی آتشزدگی کا نوٹس لے لیا

چیف جسٹس نے رجسٹرار پنجاب کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی آتشزدگی کا نوٹس لے لیا
August 30, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس نے رجسٹرار پنجاب کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے دو ہفتے میں ابتدائی رپورٹ طلب کر لی۔ ایڈیشنل آئی جی ابوبکر خدا بخش کو تحقیقاتی افسر تعینات کر دیا گیا اور عدالت نے دو ہفتے میں ابتدائی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم نے پورے ملک کی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے آڈٹ کا حکم دیاتھا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ لاہور رجسٹرار آفس میں آگ لگ گئی، ریکارڈ جل گیا ۔آگ کا کیا چکر ہے؟کیا کوئی تحقیقات ہوئی ہیں؟ کیا آشیانہ ہاؤسنگ اور پیراگون سوسائٹیوں کا بھی ریکارڈ جلا ہے؟ جس پر سیکرٹری کوآپریٹو نے عدالت کوبتایا کہ آشیانہ اور پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ان کے دائرہ کارمیں نہیں آ تے۔ رجسٹرار کوآپریٹو نے آڈٹ شروع کیا تو چند دن بعد ہی آگ لگ گئی۔ چیف جسٹس نے نگران حکومت میں کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ میں تقرریاں اور تبادلے روکنے کا بھی نوٹس لے لیا۔ سیکرٹری کو آپریٹو نے عدالت کو بتایا کہ کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ میں تبادلے کئے تو ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے رکوا دیئے ۔ چیف جسٹس نے سیکرٹری کو آپریٹو کو تمام تقرر و تبادلے قانون کے مطابق کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے والوں نے سفارشیں کر کے تبادلے رکوائے ہونگے۔ تبادلے روکنے کا عمل نیک نیتی پرمبنی نہیں لگتا۔ پنجاب حکومت کو بتا دیں رجسٹرار کوآپریٹو کو تبدیل نہیں ہونے دینگے۔ عدالت نے رجسٹرار کوآپریٹو کو پنجاب کوآپریٹو بینک کے آڈٹ کا بھی حکم دیدیا ہے۔