Sunday, April 28, 2024

چیف جسٹس نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کا آغاز کردیا

چیف جسٹس نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کا آغاز کردیا
October 28, 2018
لاہور (92 نیوز) شیخ الہند حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 975 ویں سالانہ عرس کی تقریبات  شروع ہوگئیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے رسم چادر پوشی سے عرس کی تقریبات کا آغازکیا۔ مہمان خصوصی چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سمیت وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر سید نور الحق سمیت دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ نے بھی تقریب میں شرکت کی اور زائرین سےخطاب کیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے رسم چادر پوشی سے عرس کی تقریبات کا آغاز کیا اور درو و سلام کی صداؤں میں پھول چڑھاتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔ روح پرور تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور دعائیں مانگیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے سید طاہر رضا بخاری کی الزادُلاخیر کتاب کی رونمائی بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا آج کے دن کی مناسبت سے لگ رہا ہے ملک میں آسانیاں پیدا ہونگی۔ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کی حیات اقدس پر روشنی ڈالی۔ چیف جسٹس پاکستان نے منتظمین کو کتب کے تحائف دئیے اور شیلڈز بھی پیش کیں۔