Sunday, September 8, 2024

چیف جسٹس سپریم کورٹ کا سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت کا از خود نوٹس

چیف جسٹس سپریم کورٹ کا سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت کا از خود نوٹس
June 30, 2016
کراچی (92نیوز) چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس انور ظہیر جمالی نے سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت کا ازخود نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے چیف سیکرٹری‘ سیکرٹری داخلہ‘ آئی جی سندھ اور دیگر کو چار جولائی کو طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت حد سے بڑھی تو چیف جسٹس آف پا کستان، جسٹس انور ظہیر جمالی نے از خود نوٹس لے لیا۔ عدالت نے ایس ایس پی ساﺅتھ فاروق احمد کے تبادلے کا حکم واپس لینے پر بھی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ اویس شاہ کے اغوا پرایس ایس پی ساﺅتھ کو ہٹانے کا حکم دیا گیاتھا پھر انہیں کیسے بحال کردیا گیا۔ چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر کو چار جولائی کو طلب کر لیا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے شوگر کے کاروبار سے منسلک شخصیت اور پیپلزپارٹی کی قیادت کے قریبی ساتھی کی سندھ پولیس اور کراچی کے انتظامی معاملات میں مداخلت کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے سندھ پولیس میں مداخلت پر جسٹس امیر ہانی مسلم کے نوٹ کو آئینی درخواست میں تبدیل کردیا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے نوٹ لکھا تھا کہ سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت کراچی بدامنی کیس کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر کو چار جولائی کو طلب کرلیا۔