Sunday, September 8, 2024

چیف جسٹس آف پاکستان کا الیکشن کمیشن کے ممبران کی فوری تقرری کا حکم

چیف جسٹس آف پاکستان کا الیکشن کمیشن کے ممبران کی فوری تقرری کا حکم
July 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے وفاق سے الیکشن کمیشن کی غیرفعالیت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی فوری تقرری کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں معاملہ آیا سندھ میں غیر فعال بلدیاتی نظام کا تاہم الیکشن کمیشن کے جانب سے کمیشن کے غیر فعال ہونے کی بنا پر کوئی موثر جواب نہ بن پڑا۔ چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کی غیرفعالیت پر نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ جس طرح کام کیا جارہا ہے ملک اس طرح نہیں چلے گا۔ ایسے دوستانہ ماحول میں ادارے غیر فعال ہورہے ہیں‘ فرینڈلی فائربند کیا جائے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے مردم شماری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے مگر جو مردم شماری 2008ءمیں ہونا تھی حکومت کی ملی بھگت سے اب تک نہیں ہوسکی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت فوری طور پر الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کرے۔ ہم 6ماہ تک یہ کھیل نہیں دیکھیں گے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران ہی نہیں یہاں سب باتیں ہوتی ہیں۔ کرنے کے کام کوئی نہیں کرتا۔ عدالت نے حکومت سے غیر فعال الیکشن کمیشن کے حوالے سے جواب طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت کل سپریم کورٹ میں ہو گی۔