Friday, May 3, 2024

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی پہلے روز 3 مقدمات کی سماعت

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی پہلے روز 3 مقدمات کی سماعت
January 18, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پہلے دن تین مقدمات کی سماعت کی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ ایوان صدر میں حلف لینے کے بعد سپریم کورٹ پہنچے۔ وفاقی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ سپریم کورٹ ملازمین نے تالیاں بجا کر استقبال کیا۔ چیف جسٹس نے جھک کر ملازمین کو سلامی پیش کی اور شاندار مثال قائم کی۔ ملازمین کے ساتھ گفتگو میں جلد ملاقات کی یقین دہانی کرائی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کمرہ نمبر ایک میں تین مقدمات کی سماعت کی۔ جسٹس منصور علی شاہ نے انکی معاونت کی۔ غیرملکی مہمانوں کو بھی بنچ کا حصہ بنایا۔ اٹارنی جنرل اور صدر سپریم کورٹ بار ایوسی ایشن نے روسٹرم پر آکر چیف جسٹس کو حلف اٹھانے پر مبارک باد دی اور کہا غیرملکی مہمانوں کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے بھی تقریبات میں شرکت کرنے والوں تمام مہمانوں کا اپنی اور سپریم کورٹ کیطرف سے شکریہ ادا کیا۔ چیک ڈس آنر کے مقدمہ میں ملزم خالد محمود کو ضمانت پر رہائی کا پروانہ جاری کیا۔ ضمانت منسوخی کیس میں قاسم جان کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی۔ منشیات سمگلنگ کے ملزم نور محمد کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ میرے نزدیک یہ کیس قابل سماعت نہیں اور عدالتی کارروائی ختم کر دی ۔