Tuesday, May 21, 2024

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ، حکومت اور اپوزیشن کا سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق ، ذرائع

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ، حکومت اور اپوزیشن کا سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق ، ذرائع
January 20, 2020

 اسلام آباد (92 نیوز) چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ حل ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن نے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کر لیا۔

چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری پر پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تینوں اہم عہدوں پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کیلئے وزیراعظم کے تجویز کردہ سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق رائے پایا گیا جبکہ ممبر سندھ کیلئے نثار درانی اور ممبر بلوچستان کیلئے شاہ محمد جتوئی کے نام کا قرعہ نکلا۔ ان دونوں کے نام اپوزیشن نے دیئے تھے۔

حکومتی اور اپوزیشن پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے ہونے کے بعد حکومتی ٹیم تینوں ناموں پر وزیراعظم عمران خان سے مشورہ لے گی۔ منظوری ملنے کی صورت میں پارلیمانی کمیٹی  باقاعدہ اعلان کر دے گی۔

چیف الیکشن کمشنر کے لئے تجویز کیے گئے سکندر سلطان راجہ حال ہی میں گریڈ بائیس میں ریٹائرڈ ہوئے ۔ وہ آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری سمیت وفاق میں اہم وزارتوں کے سیکرٹری رہ چکے ہیں۔ سکندر سلطان سی ڈی اے کے ڈائریکٹر بھی رہے چکے ہیں۔