Thursday, April 18, 2024

چیف الیکشن کمشنر کو عمران خان کا خط موصول ہوگیا

چیف الیکشن کمشنر کو عمران خان کا خط موصول ہوگیا
July 31, 2015
اسلام آباد(92نیوز)چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کو عمران خان کی جانب سے لکھا گیا خط موصول ہو گیا ہےچیف الیکشن کمشنر نے خط پر الیکشن کمیشن ممبران کے ساتھ مشاورت کی ہے جبکہ خط کے جواب کے لیے اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے لکھا گیا خط موصول ہونے کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے ممبر پنجاب اور ممبر سندھ سے خط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ تاہم خیبر پختونخوا سے ممبر شہزاد اکبر کی بلدیاتی انتخابات میں مصروفیت اور ممبر بلوچستان فضل الرحمان کی بیٹے کی وفات کے باعث ان سے خط پر بات چیت نہیں ہو سکی ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق تمام ممبران سے مشاورت کے بعد ہی عمران خان کے خط کا جواب دیا جائے گا اور حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس بھی بلایا جا سکتا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خط کے مندرجات اور اٹھائے گئے نکات کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنرسرداررضا خان کو بھیجے گئے خط میں عمران خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے بعد ریٹرننگ افسران بے نقاب اور انتخابی عملہ قوم کے مجرم ثابت ہو چکے ہیں انتخابی عمل میں غفلت برتنے والے آر اوز اوردیگرعملے کو 2 سال قید ہوسکتی ہے اور قانون کے مطابق چیف الیکشن کمشنر آراوزکے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کے پابند ہیں۔ اس لئے وہ ہنگامی طورپراس نازک قومی معاملے پراپنے مؤقف سے آگاہ کریں ترجمان الیکشن کمیشن افتخار راجہ  کے مطابق خط کے تفصیلی جائزہ کے بعد اس کا جواب دیا جائے گا۔