Saturday, April 27, 2024

چیف الیکشن کمشنر کا نئے ممبران سے حلف لینے سے انکار

چیف الیکشن کمشنر کا نئے ممبران سے حلف لینے سے انکار
August 23, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن کے ممبران کے تقرر کا معاملہ گھمبیر ہو گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے نئے ممبران سے حلف لینے سے انکار کر دیا۔ حکومت نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد گزشتہ روز منیر احمد کاکڑ کو بلوچستان اور خالد محمود صدیقی کو سندھ کا ممبر الیکشن کمیشن تعینات کیا تھا لیکن آج جب یہ دونوں ممبران الیکشن کمیشن میں اپنا عہدے کا حلف اٹھانے پہنچے تو چیف الیکشن کمشنر نے حلف لینے سے صاف انکار کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممبران کی تقرری  خلاف آئین ہے، حلف نہیں لے سکتا۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان نے کہا کہ دونوں ممبران کی تقرری آئین کے آرٹیکل 213 اور 214 کے مطابق نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے صورتحال سے متعلق  وزارت پارلیمانی امور کو آگاہ کر دیا ہے۔ آئین کے مطابق چیف الیکشن کمشنر یا ممبران کی تقرری کے لئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ضروری ہے۔ دونوں میں اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد ہوتا اور پارلیمانی کمیٹی مشاورت سے نئے ممبران کی تعیناتی کا فیصلہ کرتی ہے۔ حکومت نے دونوں ممبران کی تقرری پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈ لاک ہونے کے باوجود از خود کر دی جسے اپوزیشن نے مسترد کر دیا تھا۔