Friday, March 29, 2024

چیف الیکشن کمشنر تقرری، حکومت اور اپوزیشن میں معاملہ طے ہوتا نظر نہیں آتا، اعتزازاحسن

چیف الیکشن کمشنر تقرری، حکومت اور اپوزیشن میں معاملہ طے ہوتا نظر نہیں آتا، اعتزازاحسن
December 1, 2019
لاہور (92 نیوز) حکومت مفاہمت کی بات تو کرتی ہے مگر اس پر عمل کرتی دکھائی نہیں دیتی۔ وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے دیئے گئے شہباز شریف کے ناموں پر اعتراض کیا تو اپوزیشن نے معاملہ سپریم کورٹ لے جانے کا اعلان کردیا۔ اعتزاز احسن کہتے ہیں چیف الیکشن کمشنر تقرری پر حکومت اور اپوزیشن میں معاملہ طے ہوتا نظر نہیں آتا۔ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کیلئے سابق بیوروکریٹس ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کیے تاہم شہبازشریف کے ان ناموں پر وزیراعظم آفس نے اعتراض کردیا۔ اُدھر الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے مشاورتی عمل میں تاخیر پر اپوزیشن نے پیر کو سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا۔عمران خان فارن فنڈنگ کیس کے باعث الیکشن کمیشن کو دانستہ طور پر غیر فعال رکھنا چاہتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی پارلیمنٹ کو کرنی چاہئے، عدالت سے رجوع کیا گیا تو بدقسمتی ہوگی۔ الیکشن کمیشن میں ممبران کی تقرری کیلئے وزیراعظم کا خط چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو موصول ہو گیا ہے۔ صادق سنجرانی اور اسد قیصر کل غور کریں گے۔