Tuesday, April 23, 2024

چیف الیکشن کمشنر الیکشن اصلاحات کی راہ میں رکاوٹ، ساکھ کھو چکے، فواد چودھری

چیف الیکشن کمشنر الیکشن اصلاحات کی راہ میں رکاوٹ، ساکھ کھو چکے، فواد چودھری
September 19, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کی زبان بول رہے ہیں، وہ الیکشن اصلاحات کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور اپنی ساکھ کھو چکے۔ 

وزیراطلاعات فواد چودھری نے وزیر سائنس و ٹٰیکنالوجی شبلی فراز کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن نے جو بھی الیکشن کرائے ہیں وہ متنازعہ ہیں۔ الیکشن کمیشن کے دیگر ممبرز چیف الیکشن کمشنر کے فیصلوں پر ریویو کریں۔ یہ کوئی بنانا ری پبلک نہیں، آپ نے سیاست کرنی ہے تو استعفی دیں۔ کہا کہ، معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لے کر جائیں گے، 2023ء کے انتخابات اصلاحات کے بعد ہی ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا، الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن میں فرق ہے، الیکشن کمشنر کے رویہ پر تحفظات ہیں، الیکشن کمیشن کے 37اعتراضات بہت ہی بھونڈے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹس میں ای وی ایم کے حق میں ڈیٹا نکال دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں سے کئی اہم نقاط لگا دیئے، 2011 سے مسلسل ای وی ایم پر بات چیت جا ری ہے، پشاور اور چکوال میں ای وی ایم پر الیکشن کرائے جا چکے ہیں۔

فواد چودھری بولے کہ، ایک کمپنی نے الیکشن کمیشن کو ای وی ایم پر بریفنگ دی۔ فلپائن میں ای وی ایم کے ذریعے سے الیکشن کرائے جا رہے ہیں۔ فلپائن میں ای وی ایم پر عوام نے بھی اعتماد کیا ہے۔ الیکشن کمیشن اور نادرا میں تنازع ٹیکنالوجی سے نا بلد ہونے کی وجہ سے ہے۔ پاکستان مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ جاری کرنے والا پہلا ملک ہے۔