Friday, May 17, 2024

چیف الیکشن کمشنر ،2ارکان پراتفاق رائے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کاان کیمرہ اجلاس آج ہوگا

چیف الیکشن کمشنر ،2ارکان پراتفاق رائے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کاان کیمرہ اجلاس آج ہوگا
December 30, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)چیف الیکشن کمشنر اورسندھ اور بلوچستان سے ارکان کی تعیناتی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا ،جس میں ایک مرتبہ پھر حزب اختلاف اور حکومتی اراکین مختلف ناموں پر غور کرینگے ۔ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کسی فیصلہ پر پہنچنے کے لیے  آج دوبارہ سر جوڑ کر بیٹھے گی   ، چیئرپرسن  ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت کمیٹی کا اٹھواں اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں دو بجے ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرریوں پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک آج ختم ہونے کا امکان ہے ، حکومت نے موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا نام چیف الیکشن کمشنر کے لئے تجویز کر رکھا ہے جبکہ فضل عباس میکن اور عارف خان کا نام بھی تجویز کر رکھا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام وزیراعظم کو بھجوائے تھے ۔ وزیراعظم نے سندھ سے ممبر کیلئے جسٹس (ر) صادق بھٹی، جسٹس (ر) نورالحق قریشی اورعبدالجبارقریشی کے نام تجویزکر رکھے ہیں ،  ممبر بلوچستان کیلئے ڈاکٹرفیض محمد کاکڑ، میرنوید جان بلوچ اورامان اللہ بلوچ کے نام تجویزکر رکھے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے ممبر سندھ کیلئے نثاردرانی، جسٹس(ر) عبدالرسول میمن، اورنگزیب حق کے نام تجویزکر رکھے ہیں ،  بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی ایڈووکیٹ ، سابق ایڈووکیٹ جنرل محمد روف عطااورراحیلہ درانی کے نام دیئے ہوئے ہیں۔