Friday, March 29, 2024

چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی حکومتی استدعا منظور

چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی حکومتی استدعا منظور
April 16, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ جمیل اختر کوعہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی حکومتی استدعا منظور کر لی، عدالت نے اٹارنی جنرل کے بیان کے بعد کیس نمٹاتے ہوئے یونین کی درخواست سننے سے انکار کردیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یونینز کی وجہ سے ادارے تباہ ہوتے ہیں۔

چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کی  ، دوران سماعت اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس کیس کے 2 پہلو ہیں ، میری رائے کے مطابق چیئرمین کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن درست نہیں،اگر کسی مس کنڈکٹ کا الزام ہے تو پہلے شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تھی،حکومت کوقانونی رائے دی ہے،اگر عدالت اجازت دے تو چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن واپس لے کرجمیل اخترپر الزامات کی شفاف انکوائری کرائی جاسکتی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ کی بات مناسب اورقانونی ہے۔ نیب کے جتنے کیسز آرہے وہ سارے اختیارات سے تجاوز سے متعلق ہیں،قانون کے مطابق وفاقی وزیر کو آڈٹ کرانے کا اختیار نہیں تھا، سوال اٹھایا تھا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر کیسےپرائیویٹ آڈیٹر مقرر کردیا گیا،آڈیٹر کو فیس کی ادائیگی کا احتساب کون کرے گا، حکومت معاملے پر قانون کے مطابق عمل کرے،عدالت نے چیئرمین کےخلاف یونین کی درخواست سننے سے انکار کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔