Sunday, September 8, 2024

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ خان صاحب جھوٹ کا انقلاب لائے

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ خان صاحب جھوٹ کا انقلاب لائے
August 19, 2017

مانسہرہ (92 نیوز) کے پی کے ٹھیکوں سے جہانگیر ترین کا جہاز اور عمران خان کا کچن چل رہا ہے ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں عمران خان بتائیں کے پی میں کیا تبدیلی لائےہیں ۔ خان صاحب ہر جلسے میں ایک نیا جھوٹ بولتے ہیں ۔ جبکہ اُنہوں نے  کہا کہ میاں نواز شریف فسادی ہو سکتے ہیں سازشی ہو سکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں ۔

پیپلزپارٹی نے مانسہرہ میں ایک بڑا سیاسی پاور شو کیا جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی مخالفین پر طنز اور تنقید کے تیروں کی بارش کر دی ۔ بولے کہ یہاں نیا نیا ،تبدیلی تبدیلی  کی رٹ لگی ہے کیا عمران خان بتائیں گے کیا نیا لائے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو نیا خان کا نام تو دیا ہی تاہم یہ بھی کہہ دیا کہ وہ جب بھی اسٹیج پر آتے ہیں ایک نیا جھوٹ بولتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ کے پی کے ٹھیکوں سے جہانگیر ترین کا جہاز اور عمران خان کا کچن چل رہا ہے۔

بات یہیں ختم نہیں کی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دوسروں پر کرپشن کا الزام عائد کرنے والے خیبر بینک میں کرپشن کا حساب کب دیں گے۔

پھر آئی باری میاں نوازشریف کی اور بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب سازشی اور فسادی تو ہو سکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب اب جتنا بھی چیخیں چلائیں عوام دھوکے میں نہیں آئیں گے آپ کو  عدالت نے ہمیشہ کے لئے نااہل کیا ہے ۔ اب ان کی سیاست ختم  ہو گئی۔