Wednesday, May 8, 2024

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی وفد کے ساتھ جاتی امرا آمد

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی وفد کے ساتھ جاتی امرا آمد
June 16, 2019

 لاہور (92 نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی وفد کے ساتھ جاتی امرا آمد ہوئی۔ ظہرانے کے بعد مریم نواز سے ملاقات کریں گے۔

 مریم اورنگزیب، ایازصادق اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ شہباز شریف لاہور میں ہونے کے باوجود ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے۔

رانا ثنا اللہ کہتے ہیں روٹین کی ملاقات ہے، ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا۔

قبل ازیں مریم نواز نے ظفر وال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا الیکشن چوری کرکے آنے والا عوام کے لئے کھڑا نہیں ہوسکتا ، جن کی اپنی حیثیت نہ ہو ان کے منہ سے این آر او کی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف کو اقامہ جیسے مذاق پر ہٹا کر ملک کی تباہی کی بنیاد رکھی گئی۔ نیازی کو صرف گو نہیں کرنا ،گھر تک چھوڑ کر آنا ہے۔

مریم نواز بولیں بجٹ میں عوام پر قیامت ٹوٹی۔ زندگی بھر دوسروں پر پلنے والوں  کو احساس نہیں 15 ہزار میں ایک خاندان کیسے گزارہ کرتا ہے۔

مریم نواز نے کہا ایک سال پہلے ملک اوپر جا رہا تھا، بجلی کے منصوبے لگ رہے تھے، دہشت گردی ختم ہو رہی تھی۔ نواز شریف کو ہٹاتے ہی تباہی شروع ہوگئی۔ نواز شریف نہ جھکنے کی سزا بھگت رہے ہیں۔ احتساب کا دائرہ دس سال سے پیچھے لے جاتے ہوئے عمران خان کے پر جلتے ہیں۔