Sunday, September 8, 2024

چیئرمین پیمرا کے انتخاب کیلئے سرچ کمیٹی سے مریم اورنگزیب کی چھٹی

چیئرمین پیمرا کے انتخاب کیلئے سرچ کمیٹی سے مریم اورنگزیب کی چھٹی
April 16, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین پیمرا کے انتخاب کے لئے سرچ کمیٹی سے مریم اورنگزیب کی چھٹی کر دی گئی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے میڈیا کمیشن کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے بتایا کہ پیمرا قانون میں ترمیم سے متعلق 7 رکنی کمیٹی بنا دی ہے جو 3 ہفتوں میں چیئرمین پیمرا کےلیے 3 ممبران کے پینل کا انتخاب کریگی۔ عدالت نے کمیٹی سے وزیرمملکت اطلاعات و نشریات کو نکال کر سیکرٹری اطلاعات کو شامل کر لیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مریم اورنگزیب بیانات دینے میں مصروف ہیں ، ان کے پاس وقت نہیں ہو گا۔ چیف جسٹس نے عدالت کے باہر عدلیہ مخالف نعروں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی شیر کو نہیں جانتے۔ اصل شیر یہاں بیٹھے ججز ہیں۔ چیف جسٹس نے یہ ریمارکس بھی دیئے کہ پارلیمنٹ آرٹیکل 5 میں ترمیم نہ کرے تو کیا کریں۔ لگتا ہے حکومت کو خوف نہیں۔ اس پر کوئی تلوار نہیں ہے۔ پیمرا ایک آزاد ادارہ ہو اور اس کا چیئرمین صاف ستھرا آنا چاہیے۔ اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔