Wednesday, April 24, 2024

چیئرمین پی ٹی آئی این اے 53اسلام آباد اور این اے 35بنوں سے بھی اہل قرار

چیئرمین پی ٹی آئی این اے 53اسلام آباد اور این اے 35بنوں سے بھی اہل قرار
June 27, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان این اے 53 اسلام آباد اور این اے 35 بنوں سے بھی کلیئر قرار دے دیئے گئے ۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کاغذات نامزدگی کا خانہ ’’این ‘‘  خالی چھوڑنے پر  این اے 53  میں اعتراضات دائر کئے گئے تھے  جس کی سماعت اپیلٹ ٹربیونل نے کی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف کیس کی سماعت جسٹس عبدالشکور نے کی  جبکہ عمران خان کی طرف سے یونس خان وزیر ایڈووکیٹ اور ملک سلمان غزنوی ایڈووکیٹ نے کیس کی پیروی کی ۔ کپتان کے مدمقابل جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار انعام اللہ وزیر کی طرف سے عبدالرشید محسود ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ ٹربیونل  کے حکم پر عمران خان  پیش ہوئے اور کاغذات نامزدگی کا خانہ ’’ این ‘‘ پُر کیا۔ ٹربیونل کی جانب سے عمران خان سے استفسار کیا گیا کہ بطور پارلیمنٹیرین انہوں نے کون سے اقدامات کئے ۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے ٹربیونل کو بتایا کہ انہوں نے بطور پارلیمنٹیرین عوام کی فلاح کیلئے شوکت خانم اسپتال ، نمل یونیورسٹی بنائی جب کہ عوام میں اپنے ووٹ کے صحیح استعمال اور حکمرانوں سے احتساب لینے کا شعور بیدار کیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کاغذات نامزدگی کا خانہ ’’این ‘‘ فل کرنے کے بعد ٹربیونل نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے  حلقہ این اے 53  سے بھی  الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ۔ دوسری جانب بنوں میں بھی الیکشن ٹربیونل نے حلقہ این ا ے 35  سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیلوں کی درخواست کی ۔ ٹربیونل نے تمام اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو بنوں کے حلقہ این اے 35 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ۔ اسلام آباد اور بنوں سے کلیئرنس ملنے پر  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف  این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد ، این اے 61 راولپنڈی ، این اے 95 میانوالی ، اور این اے 131 لاہور  سے الیکشن لڑیں گے ۔