Saturday, May 4, 2024

چیئرمین پی سی بی کا کوئی خط ملا ہی نہیں تو جواب کہاں سے دوں : ششانک منوہر

چیئرمین پی سی بی کا کوئی خط ملا ہی نہیں تو جواب کہاں سے دوں : ششانک منوہر
December 14, 2015
ممبئی(سپورٹس ڈیسک) بھارت کے ساتھ کرکٹ سیریز کی امیدیں تو پہلے ہی دم توڑ گئیں لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کی بے اعتنائی میں کوئی کمی نہ آئی، بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر کہتے ہیں انہیں چیئرمین پی سی بی کا کوئی خط ملا ہی نہیں، جواب کہاں سے دیں۔ تفصیلات کےمطابق بھارت سے کرکٹ سیریز کے لئے پی سی بی نے بڑے جتن کئے لیکن بھارتی بورڈ اور مودی سرکار نے ایک بار بھی  قبول ہے کہنے کی زحمت نہ کی۔ چیئرمین پی سی بی، بی سی سی آئی کو منانے بھارت بھی گئے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے ڈھنگ سے میزبانی کی نہ کوئی جواب دیا، چیئرمین پی سی بی خالی ہاتھ واپس لوٹے لیکن امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ شہریارخان کی طرف سے بھارتی بورڈ کو بار بار حتمی تاریخیں دی گئیں، دس دسمبر کو  آخری کوشش کے طور پر خط بھی لکھاگیا لیکن بھارتی بورڈ کو کوئی جواب دینا تھا نہ اس نے دیا۔ پی سی بی رواں سال سیریز کے حوالے سے مایوسی کے باوجود آئندہ سال سیریز کے لئے پھر سے امید لگائے بیٹھا ہے، لیکن پی سی بی کو مشورہ ہے کہ آئندہ سال سیریز کے خواب دیکھنے سے پہلے مودی سرکار اور بھارتی بورڈ کے رویئے پر پھر سے غور کر لے۔