Friday, April 19, 2024

چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کو غیر معیاری تسلیم کرلیا

چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کو غیر معیاری تسلیم کرلیا
March 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کو غیر معیاری تسلیم کرلیا، کہتے ہیں پی ٹی وی کے پاس کوریج کی قابلیت ہی نہیں، بھارتی براڈ کاسٹر نہ ہوں تو میچ لائیو کوئی دیکھ نہ سکے، بولے ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پرہوگا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی دبئی سے آکر شریک ہوئے، اُن کا کہنا تھا کہ پی سی بی ایک پیسہ بھی حکومت سے نہیں لیتی، احسان مانی نے کہا کہ ہم گیم اس وقت جیتیں گے جب سٹرکچر ٹھیک ہو گا۔ ممبران کمیٹی نے پی ایس ایل کی ٹکٹس کا معاملہ اٹھایا تو چیئرمین پی سی بی نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ٹکٹ کے حقدار نہیں ہیں، چیئرمین کرکٹ بورڈ کے جواب پر اراکین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اجلاس کے دوران ممبر سوال کیا گیا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا کنٹرکٹ بھارت کو دینے کے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سارا کونٹینٹ پاکستانی پروڈیوسر نے ترتیب دیا تھا، پی ٹی وی کے پاس وہ آلات نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو پاکستان لانے کے لیے ماضی میں ہرکھلاڑی کو 25 ، 25 ہزارڈالرز ادا کیے گئے تاہم آج پی سی بی نے کسی غیرملکی پلیئر کو پاکستان آنے کے لیے اضافی قیمت ادا نہیں کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی کا کہنا تھا کہ ایشیاء کپ بھارت یا پاکستان کا نہیں بلکہ تمام ایشن کرکٹ کونسل کے ممبران کا معاملہ ہے، اگر بھارت کے ساتھ بایلیٹرل سیریز ہوتی تو میں ضرور زور دیتا کہ بھارت پاکستان آکر کھیلےایشیاء کپ ہمیں نیوٹرل وینیو پر کروانا پڑے گا۔ چئیر مین پی سی بی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ پوری طرح پاکستان میں لایا گیا، صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ پاکستان میں دیگر سپورٹس کے لیے بھی کام کرنا ہوگا۔