Thursday, April 18, 2024

چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں کے الیکٹرک کی کارکردگی بارے سماعت،شکایات کا انبار لگ گیا

چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں کے الیکٹرک کی کارکردگی بارے سماعت،شکایات کا انبار لگ گیا
September 21, 2020
کراچی ( 92 نیوز) چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں کے الیکٹرک کی کارکردگی سےمتعلق سماعت ہوئی ، سیاستدان، صنعتکاروں، تاجروں اور شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیے ،سب کا مطالبہ تھا کہ کےالیکٹرک کا لائسنس معطل کیاجائے ۔ مزید کمپنیوں کو بجلی سپلائی کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ سماعت کے دوران کے الیکٹرک کے خلاف نعرےبھی لگائےگئے ۔ ڈیفنس کی  ایک خاتون نے بتایا کہ کےالیکٹرک کےسی ای او مونس علوی نے انہیں فون پر دھمکیاں دی تھیں۔ کراچی  میں نیپرا کی کےالیکٹرک کےمعاملات سےمتعلق سماعت میں  سیاستدان،صنعتکار،تاجراور شہری  سب ہی کےالیکٹرک کےستائے نکلے، سب ہی نے  چیئرمین نیپرا کےسامنےشکایات کےانبار لگادیئے ، کسی نےکہاکہ کئی کئی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، کسی نےکہاکہ بجلی کم اور بل زیادہ آتے ہیں ، کرنٹ لگنےسے اموات  پر بھی آواز بلند کی  گئی ، سماعت کےدوران شہریوں نے کےالیکٹرک کےخلاف نعرے بھی لگائے ۔ صنعتکار سراج قاسم تیلی نےکہاکہ کےالیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے۔تاجربرادری بجلی کی نئی ڈسٹری بیوشن کمپنی بنانے کو تیارہے۔سراج قاسم تیلی اور چیئرمین نیپرا کےدرمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، صنعتکارجاوید بلوانی اور چیئرمین نیپرا کےدرمیان بھی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا  ، سماعت میں  بدنظمی ہوئی توسماعت کو کچھ دیرکےلئے ملتوی کیاگیا۔ سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جماعت اسلامی کےرہنما حافظ نعیم الرحمان  کےالیکٹرک کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھائے ۔ ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار نےبھی کےالیکٹرک  کو آڑے ہاتھوں لیا۔ شہریوں نےبھی کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کرکے ادارےکو قومی تحویل میں لینے کامطالبہ کیا ، ڈیفنس کی خاتون حمیرہ نےبتایاکہ بارشوں کےدوران انہوں نےبہت بھیانک دن گزارے،سی ای اوکے الیکٹرک مونس علوی نےانہیں فون پر دھمکی دی۔ کے الیکٹرک کےستائے سینکڑوں شہریوں نےخوب شکایات لگائیں ، سب کا ایک ہی مطالبہ تھاکہ کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کیاجائے  ، ادارے کو قومی تحویل میں لیکر روشنیوں کےشہر کی روشنیاں بحال کی جائیں۔