Tuesday, April 23, 2024

چیئرمین نیب کی قائمہ کمیٹی میں شرکت سے معذرت

چیئرمین نیب کی قائمہ کمیٹی میں  شرکت سے معذرت
May 16, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) چیئرمین نیب نے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں شرکت سے معذرت کر لی۔جسٹس (ر)جاوید اقبال   نے کہا کہ نوٹس آج موصول ہوا ہے ، کمیٹی میں شرکت کیلئے مناسب وقت دیا جائے ۔نواز شریف پر بھارت  میں منی لانڈرنگ کے الزام عائد کرنے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں چیئرمین نیب کو  طلب کیا تھا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کااجلاس چوہدری اشرف کی زیرصدارت ہوا  ، چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال  کی جانب سے معذرت کی گئی  ،کمیٹی نے انھیں جمعہ کو طلب کیا تو نیب افسران نے آئندہ ہفتے طلب کرنے کی درخواست کی جس پرچیئرمین کمیٹی نے ارکان سے مشاورت کے بعد چیئرمین نیب کو 22 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین نیب کی طلبی پر پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے کمیٹی کی رکنیت سے استعفی دیدیا،دونوں نے اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرادیئے ۔ ان کا کہناتھاکہ پارلیمنٹ اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کرتی ہے، چیئرمین نیب کی طلبی ادارے کے کام میں مداخلت کے مترادف ہے، اس اقدام سے نیب کمزور ہوگی۔ پی ٹی آئی کے رکن علی محمد نے کہا کہ چیئرمیننیب نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ،رانا افضل کا کہناتھا کہ نوازشریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں  ،نیب بغیر تحقیق کے ایک باعزت شہری پر کس طرح الزام لگا سکتی ھے؟۔ کمیٹی کے اجلاس کے دوران میڈیا کی جانب سے ویڈیو کلپ بنانے پر میاں منان آپے سے باہر ہوگئے اور میڈیا کے ساتھ تلخ کلامی کی ، واضح رہے کہ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو سابق وزیراعظم نواز شریف پر 4.9 ارب ڈالر بھارت بھجوانے کے الزام کی تحقیقات کی وضاحت کے لئے طلب کیا تھا۔