Friday, April 26, 2024

چیئرمین نیب کی صدارت میں ایگزیکٹو بورڈ نے5مختلف انکوائریوں کی اجازت دےدی

چیئرمین نیب کی صدارت میں ایگزیکٹو بورڈ نے5مختلف انکوائریوں کی اجازت دےدی
October 21, 2015
اسلام آباد(92نیوز)نیب نے کرپشن اور غیر قانونی اثاثوں کے الزام میں پیرمظہر الحق، ارباب عالمگیر ، عاصمہ ارباب سمیت پانچ افراد کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دے دی ۔ سابق وزیر تعلیم سندھ پر تیرہ ہزار جعلی اساتذہ بھرتی کر کے خزانےکوچھ ارب کا نقصان پہنچانے کاالزام ہے۔ تفصیلات کےمطابق نیب نے کرپٹ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ چئیرمین نیب قمرالزمان کی زیرصدارت اجلاس میں پانچ انکوائریاں شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ سابق وزیر تعلیم سندھ پیر مظہرالحق پر الزام ہے کہ انہوں نے  تیرہ ہزار سے زائد اساتذہ کی غیر قانونی بھرتیاں کیں  جس سے  قومی خزانے کو چار سے چھ ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب نے  پیپلز پارٹی دور کے سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ ارباب کے خلاف بھی آمدن سے زائد اور بے نام اثاثے بنانے کے الزام میں انکوائری کا فیصلہ کیا  ہے جبکہ  کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اسماعیل گجر کے خلاف سرکاری زمین غیرقانونی طور پر  منتقل کرنے کا الزام ہے جبکہ چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر افتخار احمد کے خلاف بھی انکوائری کا حکم دیا گیا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے تفتیشی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ نیب ایس او پی کے مطابق مقررہ مدت میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔