Friday, March 29, 2024

نیب کا شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ

نیب کا شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ
February 25, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل نیب ، ڈی جی نیب آپریشن، ڈی جی نیب راولپنڈی سمیت اہم افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نیب سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گا۔ ليگی رہنماء احسن اقبال کی نارووال اسپورٹس کمپليکس کيس جبکہ شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی ریفرنس ميں ضمانت منظور کر لی گئی۔ اسلام آباد ہائيکورٹ نے ایک ایک کروڑ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ایل این جی کیس میں پیپرا رولز کا تو اطلاق ہی نہیں ہوتا ۔ اس میں تو پبلک فنڈ کا استعمال ہی نہیں ہوا۔ کیا نیب نے تفتیش کی کہ ٹرمینل کا ٹھیکہ سستے داموں ممکن تھا؟ تفتیشی افسر نے جواب دیا ایک گیس کمپنی کا خط موجود ہے جو سستے داموں آفر کر رہی تھی۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا اس کمپنی نے بولی میں حصہ لیا تھا ؟جس پر تفتیشی نے جواب دیا اس کمپنی نے بولی میں حصہ نہیں لیا ، تقابلی جائزے کیلئے بتایا کہ سستے میں ممکن تھا۔ چیف جسٹس نے تفتیشی کی سرزنش کی بولے یہ نہ کریں آپ۔ جو کمپنی بولی میں شامل نہیں ہوئی اس کا حوالہ کیسے دے رہےہیں؟ آپ آگ کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ ادھر نارروال اسپورٹس سٹی کیس میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سوال اٹھایا کہ نیب کوئی ایک ٹھوس وجہ تو بتائے کہ کیوں احسن اقبال کو قید ہی رکھنا ہے؟ نیب پراسیکیوٹر بولے انکوائری کر رہے ہیں اس لئے ان کو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ باہر نکل کر احسن اقبال سارا ریکارڈ تباہ کر دیں گے یا بیرون ملک فرار ہوسکتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ کو خدشہ ہے وہ بھاگ جائیں گے تو نام ای سی ایل میں ڈال دیں یا تفتیشی افسر پاسپورٹ بھی رکھ سکتا ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت منطور کرلی۔