Friday, April 19, 2024

چیئرمین نیب نے منظور کاکا کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے کا حکم دیدیا

چیئرمین نیب نے منظور کاکا کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے کا حکم دیدیا
May 30, 2016
کراچی (92نیوز) چیئر مین نیب قمر زماں چودھری کی صدارت میں نیب کراچی کے افسروں کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی نیب نے کیسز کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ چیئرمین نیب نے ڈاکٹر عاصم‘ ایم ڈی اے اور نیشنل بینک کے مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایات بھی دیدیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین، اسٹیل ملز، نیشنل بنک، ایم ڈی اے اور کراچی یونیورسٹی کے ریفرنسز میں کی جانے والی اب تک کی تحقیقات سے بھی چیئرمین نیب کو آگاہ کیا گیا۔ چیئر مین نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین، ایم ڈی اے اور نیشنل بنک کے مقدمات میں جلد سے جلد فیصلہ کن نتائج دینے کی افسران کو ہدایت دی۔ چیئر مین نیب کو بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، منظور قادر کاکا ، میر منور تالپور ، سندھ بورڈ آف ریونیو کی زمینوں پر قبضے اور دیگر محکموں میں چلنے والی انکوائری کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ چیئر مین نیب نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابق ڈی جی منظور قادر کا کا کی گرفتاری کے لیے ایک بار پھر انٹرپول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین نیب کو شرجیل میمن‘ محمد علی ملکانی کے کیسز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب کو مفرور اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کی بھی خصوصی ہدایت دی۔ ملزمان کی گرفتاری اورانکی جائیداد کو سیل کرنے کے لئے ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک سے بھی مدد لینے کی ہدایت دی گئی۔ نیب ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی جی نیب نے چیئرمین کو بتایا کہ دو ہزار سولہ میں اب تک پچاس ریفرنس درج کئے ہیں۔ تین سو سے زائد انکوائریز پر تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ ایک کروڑ سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے۔