Friday, April 26, 2024

چیئرمین نیب نے جنرل منیجر نیسپاک اور پورٹ قاسم اتھارٹی افسران کے خلاف کیسز کی منظوری دیدی

چیئرمین نیب نے جنرل منیجر نیسپاک اور پورٹ قاسم اتھارٹی افسران کے خلاف کیسز کی منظوری دیدی
November 13, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جنرل منیجر نیسپاک، سابق رجسٹرار پی ایم ڈی سی ڈاکٹر احمد ندیم اور پورٹ قاسم اتھارٹی افسران کےخلاف کیسز کی منظوری دیدی۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹوو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں جنرل منیجر نیسپاک عمران تاج، سابق رجسٹرار  پی ایم ڈی سی ڈاکٹراحمد ندیم اکبر اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

نیب اعلامیہ کے مطابق نیب ایگزیکٹور بورڈ نے کراچی ڈویلمپنٹ اتھارٹی اور کراچی پورٹس ٹرسٹ، وائس چانسلر شاہ عبدالطیف یونیورسٹی پروین نعیم کے خلاف انکوائری بند کرنے کی مںظوری دے دی ۔ کے ڈی اے سندھ کے افسران کے خلاف انکوائری سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بند کی گئی ۔

التمش سوسائٹی مالکان اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دیدی گئی۔ غلام شبیر شیخ سابق قائمقام آئی جی سندھ ودیگر کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق الزام پر قانونی پہلوؤں کا مزید جائزہ لیا جارہا ہے۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا کہ تمام انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پرشروع کی گئی ہیں جو حتمی نہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاویداقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے سرجری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نیب فیس کو نہیں کیس کو قانون کہ دائرے میں منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔

 چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹز کی بڑھتی تعداد کو روکنے کیلئے عوام کو انکی نشاندہی کرنی چاہیے ۔