Saturday, April 27, 2024

چیئرمین نیب نے این ٹی ایس کا پرچہ آؤٹ ہونے کی رپورٹ طلب کرلی

چیئرمین نیب نے این ٹی ایس کا پرچہ آؤٹ ہونے کی رپورٹ طلب کرلی
November 28, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے پرچہ آوٹ ہونے اور مبینہ بدعنوانیوں کے معاملے پر چیئرمین نیب نے ابتدائی رپورٹ طلب کر لی ۔ جسٹس( ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب پراسیکیوشن ونگ میں بلوچستان کو اسکا جائز حصہ دیا جائے گا۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے پرچہ آوٹ ہونے اور مبینہ بد عنوانیوں کے معاملے پرڈی جی نیب راولپنڈی کو ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اور صوبائی پبلک سروس ہونے کے باوجود این ٹی ایس کو طلبہ کے امتحانات لینے کی اجازت کس نے دی؟ ۔ نیب اس کا جائزہ لے گا۔
بلوچستان بار کونسل کے وفد نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملاقات کی ۔ وفد نے نیب کے پراسیکیوٹر جنرل ، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل سمیت دیگر اہم عہدوں پر بلوچستان کے لوگ تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وفد کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے افراد کا میرٹ اور اہلیت کے مطابق تقرر کیا جائیگا ۔نیب پراسیکیوشن وونگ میں بلوچستان کو اسکا جائز حصہ دیا جائیگا ۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے بلوچستان کے جلد دورے کا بھی اعلان کیا۔