Friday, May 10, 2024

چیئرمین نیب مظلوم آدمی ہیں، حکومت بلیک میل کر رہی ہے، شاہد خاقان عباسی

چیئرمین نیب مظلوم آدمی ہیں، حکومت بلیک میل کر رہی ہے، شاہد خاقان عباسی
January 15, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا، چیئرمین نیب مظلوم آدمی ہیں، حکومت بلیک میل کر رہی ہے، نیب بند کریں، ملک کو مصیبت سے نجات دلائیں۔ پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے تک احتجاج جاری رکھنے کا بھی اعلان کردیا۔

جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ نیب کو میاں نواز شریف کے ایک روپے کے اکاؤنٹس نہیں مل سکے۔ یہ نظام نہیں چل سکتا جہاں پر شرم حیا ختم ہو جائے۔

انہوں ںے کہا، سفارتخانے کے اکاؤنٹس میں تیس ملین ڈالر ہونا بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔ انتقام کی ہوس میں نیب اتنا اندھا ہو چکا ہے کہ اسے عدالتی فیصلے بھی نظر نہیں آتے۔ ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں، لیکن یہ ایک دن انہی کٹہروں میں کھڑے ہونگے۔

اُن کا کہنا تھا میری ہمشیرہ اور بہنوئی بیمار تھے تو اس لئے بیرون ملک گیا۔ میں نے حکومت کو درخواست دی تھی اگر وہ نہ کرتے تو میں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتا۔ جب تک پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آتا احتجاج کرینگے اور احتجاج جاری رہے گا۔

شاہد خاقان بولے کہ ساڑھے چھ سال سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہو رہا۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پیسے آئے اور عمران خان اور پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں آئے۔