Monday, May 6, 2024

چیئرمین نیب سیاسی بیانات نہ دیں ، بلاول بھٹو زرداری ‏

چیئرمین نیب سیاسی بیانات نہ دیں ، بلاول بھٹو زرداری ‏
October 24, 2019
تھرپارکر ( 92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین نیب سیاسی بیانات نہ دیں ،نوازشریف کی صحت نیب حراست میں یہاں تک پہنچی ہے ۔  نیب حراست میں مرنے والوں کے خون کا حساب چیئرمین نیب کو دینا چاہئے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ احتجاج ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے، وزیراعظم احتجاج کے سامنے کیوں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، عمران خان نےاحتجاج کیلئے کھانا اور کنٹینر دینے کاکہا تھا،اب اس کا بندوبست کریں۔ تھر پارکر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ  26 اکتوبر کو  جنوبی پنجاب اور سندھ کے بارڈر پر تاریخی جلسہ کریں گے ، فافن نے بھی پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات سے متعلق سخت بیان دیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ  پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں  الیکشن نہیں سلیکشن تھا ،  پی ایس 11 میں پیپلزپارٹی نہیں جمہوریت کو شکست ہوئی ہے ، سلیکٹڈ صرف امیر طبقے کا سوچتا ہے جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی عام آدمی سے متعلق  سوچتی ہے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جس طرح معیشت چل رہی ہے ، پوری ملک میں بیروزگاری پھیل رہی ہے ،  حکومت کو عام دشمن معاشی پالیسیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے ، عمران خان بیرون ملک جا کر  بھی تھرکول منصوبے کا ذکر کرتے ہیں ، ایک بھی پراجیکٹ ایسا نہیں جو  اس حکومت نے شروع کیا ہو۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ مسائل اور وسائل کم ہونے کے باوجود تھر میں تاریخی ترقی کی ہے ، تھر کا جلسہ بھی تاریخی ہے ۔