Thursday, April 25, 2024

نصرت شہباز، رابعہ اور جویریہ کے نیب طلبی کے نوٹسز معطل، سوالنامہ گھر بھجوایا ‏جائیگا

نصرت شہباز، رابعہ اور جویریہ کے نیب طلبی کے نوٹسز معطل، سوالنامہ گھر بھجوایا ‏جائیگا
April 15, 2019

لاہور ( 92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید  اقبال نے نیب لاہور آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز ، بیٹی ربعہ اور جویریہ  کے نیب طلبی کے نوٹسز معطل  کرنے کی ہدایت دی۔

چیئرمین نیب نے تینوں کو سوالنامہ گھر بھجوانے کی ہدایت دےدی ۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین نیب  کی جانب سے شریف فیملی کے تمام کیسز کی براہ راست نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

نیب لاہور کی جانب سے شریف فیملی کی خواتین کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں آج ہی سوالنامے ارسال کر دیے جائیں گے ۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ  اقدام اس بات کے غماز ہیں کہ نیب خواتین کی تقدیس ، حرمت ، عزت اور چادر و چار دیواری  پر مکمل یقین رکھتا ہے ۔

نیب پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ  احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے گامزن ہیں جب کہ  کسی سیاسی پارٹی سے کوئی وابستگی نہیں ، نیب ایک خود مختار ادارہ اور کسی بھی دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قانون اور آئین پاکستان کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے اقدامات سر انجام دیتا ہے ۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ  نیب کی نظر میں تمام ملزمان برابر  تاہم میگا کرپشن مقدمات کو میرٹ اور صرف میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ نیب کی واستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان کیساتھ ہے ۔