Friday, March 29, 2024

چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر پر حملہ،نبیل گبول نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا لی

چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر پر حملہ،نبیل گبول نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا لی
March 3, 2020
 کراچی (92 نیوز) چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی حفیظ عبد البر کے گھر پر حملہ آور ہونے کے مقدمے میں پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا لی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول مشکل میں پھنس گئے۔ نبیل گبول کے خلاف چیئرمین فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر میں دراندازی کا مقدمہ ڈیفنس تھانے  میں درج کر لیا گیا۔ مقدمے کے اندراج کے بعد نبیل گبول ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرنے کے لئے سٹی کورٹ پہنچے جہاں عدالت نے 14 مارچ تک نبیل گبول کی ضمانت منظور کرلی ۔ عدالت کے باہر بات کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا چیئرمین فشریز کے گھر شہریوں کے مسائل کے لئے گیا تھا۔ نبیل گبول نے چیئرمین فشریز کے گارڈ سے اسلحہ چھیننے اور دانستہ طور پر فائر کرنے کی بھی تردید کی ۔ نبیل گبول نے یہ بھی کہا  چیئرمین فشریز پر نیب اور اینٹی کرپشن میں مقدمات چل رہے ہیں۔ ایسے شخص نے مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا ہے۔ دوسری جانب یکم مارچ کو نبیل گبول کے چیئرمین فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی  جس میں نبیل گبول ہاتھ میں ریپٹر اٹھائے گھر میں داخل ہوتے نظر آ رہے ہیں۔