Friday, May 17, 2024

چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر اپوزیشن میں شدید اختلافات

چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر اپوزیشن میں شدید اختلافات
July 31, 2019
لاہور ( روزنامہ  92 نیوز) چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین سینٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور نئے چیئرمین سینیٹ  کے انتخاب کے معاملہ پر اپوزیشن کے اندر شدید اختلافات پیدا ہو گئے ۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کے معاملہ پر متفق اپوزیشن کے بہت سے ارکان نئے چیئر مین کے نام پر متفق نہیں اور پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اندر اب کھل کر سینیٹرز نے اس پر اپنی ناراضی کا اظہار کرنا شروع کر دیا، اسی وجہ سے اپوزیشن قیادت مشکل میں پڑ گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کے حوالے سے پہلے ہی اپوزیشن کے اندر شدید اختلافات تھے اور دونوں بڑی سیاسی جماعتیں پیپلزپا رٹی اور ن لیگ اپنے سینیٹرز کے حوالے سے نہ صرف شک میں مبتلا ہیں بلکہ برملا اپنے قریبی حلقوں میں اس بات کا اظہار بھی کر چکی ہیں کہ ہمارے اپنے ہی سینیٹرز دوسری طرف ووٹ دے سکتے ہیں۔ ابھی اس معاملے پر پریشانی میں مبتلا اپوزیشن کیلئے نیا مسئلہ بھی کھڑا ہو گیا ۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اندر 17 سینیٹرز نے واضح طور پر یہ کہنا شروع کر دیا کہ ہم عدم اعتماد کی تحریک میں تو ساتھ دے سکتے ہیں مگر نئے چیئر مین سینٹ کیلئے جو نامزدگی سامنے آ ئی ہمیں اس پر اعتماد میں لیا گیا نہ ہی ہمیں اسکا کو ئی فائدہ ہے ، اسلئے ہم نئے چیئر مین سینٹ کے حوالے سے ووٹ کا فیصلہ اپنی مرضی سے کرینگے ۔ ن لیگ کے ایک اہم ترین رہنما نے نمائندہ روز نامہ 92نیوزکو بتا یا کہ اگر ہماری تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تو پھر نئے چیئر مین سینٹ کیلئے ہمارا امیدوار شاید مشکل کا شکار ہو جائے کیونکہ ہماری اپنی پارٹی کے اندر اس نام پر شدید تحفظات ہیں ۔ با وثوق ذرائع کے مطابق یہی صورتحال پیپلزپارٹی کے اندر بھی ہے جبکہ اپوزیشن کی ہی ایک اہم جماعت اے این پی جس نے چیئر مین سینٹ کی تبدیلی کیلئے سب سے پہلے شور ڈالا تھا اسکی بلوچستان کی قیادت بھی کھل کر چیئر مین سینٹ کی تبدیلی کے حوالے سے مخالفت کر رہی ہے ۔ سینیٹ کے اندر سب سے زیادہ تعداد میں ن لیگ کے حمایت یا فتہ سینیٹرز بھی اس وقت دو حصوں میں تقسیم ہیں، جو شہباز شریف کے انتہائی قریب ہیں وہ نوازشریف کے نامزد امیدوار کو ووٹ دینے کے حوالے سے غیر سنجیدہ ہیں ۔ اگر نئے چیئر مین سینٹ کیلئے انتخاب ہوتا ہے تو پھر جس طرح پنجاب میں سینٹ کے الیکشن کیلئے نوازشریف کے قریبی ترین ساتھی زبیر گل کیساتھ جو ہوا تھا وہ چیئر مین سینٹ کے الیکشن میں بھی ہو سکتا ہے ، کیونکہ نوازشریف کے نامزد امیدوار زبیر گل کو شہباز شریف کے قریبی ایم پی پیز نے ووٹ نہیں دیا تھا جس کی وجہ سے وہ الیکشن ہار گئے ۔ اور اب بھی چیئر مین سینٹ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے امیدوارمیر حاصل بزنجو نوازشریف کے نامزد کردہ امیدوار ہیں ۔