Friday, April 19, 2024

چیئرمین سینیٹ کے انتخابات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

چیئرمین سینیٹ کے انتخابات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
March 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے انتخابات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ چیئرمین کے انتخابات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے۔ دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ  عدالت 12 مارچ کو چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کالعدم قرار دے۔ چیئرمین سینیٹ کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، صادق سنجرانی، سینیٹ سیکرٹریٹ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پیپلزپارٹی کے جنرل سیکریٹری نیر حسن بخاری کا کہنا تھا پریزائیڈنگ افسر کے  فیصلہ کو آرٹیکل 199 کے تحت چیلنج کیا ہے۔ کیس کو فاروق ایچ نائیک دیکھیں گے۔ ہمیں بیلٹ پیپر کا ریکارڈ بھی نہیں دیا گیا۔ دائر پٹیشن میں عدالت سے ریکارڈ منگوانے کی استدعا بھی کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 12 مارچ 2021 کو  چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی۔ یوسف رضا گیلانی کو ڈالے گئے 7 ووٹ خلاف ضابطہ غیر قانونی طریقے سے مسترد کیے گئے۔ عدالت سات ووٹوں کو مسترد کیا جانا کالعدم قرار دے۔ یوسف رضا گیلانی کے مسترد ووٹوں کو منظور کرکے چئیرمین سینیٹ قرار دیا جائے۔