Sunday, September 8, 2024

چیئرمین سینیٹ نے چودھری نثار کے بیان پر وضاحت کیلئے وزیر داخلہ احسن اقبال کو طلب کر لیا

چیئرمین سینیٹ نے چودھری نثار کے بیان پر وضاحت کیلئے وزیر داخلہ احسن اقبال کو طلب کر لیا
September 13, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ملکی سلامتی کو در پیش خطرات کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے بیان پر وضاحت کیلئے وزیر داخلہ احسن اقبال کو طلب کر لیا ۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا امریکی کوششوں سے بھارت کو خطے کا تھانیدار نہیں بننے دیں گے ۔

سینیٹ کا اجلاس چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی صدارت میں ہوا۔ وقفہ سوالات میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور ججوں کی تنخواہ اور مراعات پیش کی گئی۔

اراکین سینیٹ نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہم قانون ساز ادارے میں بیٹھے ہیں۔ قانون سازی کرتے ہیں لیکن ہماری تنخواہ ہائیکورٹ کے جج سے بھی کم ہے لوگوں کو اپنی تنخواہ بتاتے ہوئے شرم آتی ہے۔ انہوں نے کہا جج پندرہ پندرہ لاکھ تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی اڑھائی اڑھائی لاکھ تنخواہ لے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے کہا اگر اراکین پارلیمنٹ چاہیں تو تنخواہوں کے حوالے سے قانون سازی کر سکتے ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے بیان پر جمعہ کے روز وزیر داخلہ احسن اقبال کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔

ایوان میں برما کے مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے وزیر قانون نے یقین دہانی کرائی کہ برما کے مسلمانوں پر مظالم ختم کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے اپنے ریمارکس میں کہاخطے میں امریکی کوششوں سے بھارت کو تھانیدار نہیں بننے دینگے۔ سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کورم کی نشاندہی کی تو اجلاس جمعرات تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔