Thursday, April 25, 2024

چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ اجلاس 23 جولائی کو طلب کرلیا

چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ اجلاس 23 جولائی کو طلب کرلیا
July 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ کا اجلاس 23 جولائی کو طلب کرلیا جس میں  تحریک عدم اعتماد پر بحث کی جائے گی، چیئرمین نے اپوزیشن کے خط کے جواب میں تمام تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کےلیے تیار ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر  اپوزیشن کی درخواست کو چیئرمین سینیٹ نے منظور کرتے ہوئے ایوان بالا کا اجلاس 23 جولائی کو سہ پہر 3 بجے طلب کرلیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کی طلبی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 اور 61 کے تحت بلایا گیا ہے۔ ذرائع  کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کا معاملہ زیربحث آئے گا، حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ایک ایک رکن معاملے پر2 گھنٹے تک بحث کرے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کے خط کا جواب بھی بھجوا دیا، 3 صفحات پرمشتمل اپنے جواب میں چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ذات کی جنگ نہیں لڑ رہے، وہ ایوان کے تقدس کےلیے لڑرہے ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے استعفے کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 64 اور سینیٹ کے قاعدہ 18 میں وضاحت کی گئی ہے۔