Thursday, March 28, 2024

چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف یوسف رضا گیلانی کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے منظور

چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف یوسف رضا گیلانی کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے منظور
April 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف یوسف رضا گیلانی کی انٹرا کورٹ اپیل باقاعدہ سماعت کے لیے منظور ہو گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں یوسف رضا گیلانی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن چیلنج کرنے  سے متعلق کیس کی جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اپیل پر سماعت کی۔

یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیئے کہ سنگل بینچ نے میرٹ پردلائل نہیں سنے۔ چیئرمین سینیٹ الیکشن پارلیمان کی اندرونی کارروائی نہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ پروسیجرل بے ضابطگی نہیں بلکہ غیرقانونی اقدام ہے۔ کیا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کے طریقہ کار کیلئے کوئی رولز موجود نہیں۔ کیا یہ رولز میں موجود ہے کہ پریزائیڈنگ افسر کون ہو گا۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اگر چیئرمین سینیٹ آئندہ الیکشن کا امیدوار نہ ہو تو وہ الیکشن کروا سکتا ہے۔ پریزائیڈنگ افسر آئین کے مطابق ووٹ نہیں ڈال سکتے لیکن انہوں نے ڈالا۔

عدالت  نے یوسف رضا گیلانی کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کےلیے باقاعدہ منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت 27 اپریل کو دوبارہ ہو گی۔