Saturday, April 20, 2024

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا نیول سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا نیول سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب
June 13, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں نیول سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران جنرل زبیر محمود حیات نے پاکستان کو درپیش نیشنل سکیورٹی چیلنجز کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور موجودہ سکیورٹی صورتحال میں ابھرتے ہوئے چیلنجز اور مواقعوں پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ اکیسویں صدی میں جنگ کی حکمت عملی کئی ارتقائی مراحل طے کرنے کے بعد کافی حد تک تبدیل ہو چکی ہے اور گرے ہائبرڈ کانفلیکٹ ( Grey Hybrid Conflict) کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اندرونی اور بیرونی عوامل سے کافی حد تک متاثر ہوئی ہے۔ خطے میں سکیورٹی صورتحال کا دارومدار ساﺅتھ ایشیاء میں امن و استحکام سے منسلک ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے خطے میں اور خصوصی طور پر افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کی کوششوں سے بھی نیول سٹاف کورس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ خطاب کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے شرکاء کے سوالات کے سیر حاصل جوابات بھی دیئے۔ قبل ازیں جنرل زبیر محمود حیات کی پاکستان نیوی وار کالج لاہور آمد پر کمانڈنٹ پی این وار کالج ، ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔